لکی مروت کے علاقے کوٹ کشمیر میں مقامی امن کمیٹی اور پولیس کی دہشتگردوں کے ساتھ شدید جھڑپ ہوئی جس میں 3 دہشت گرد مارے گئے اور ایک پولیس کا جوان بھی جام شہادت نوش کرگیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق ابتدائی مقابلے کے بعد دہشت گردوں نے ایک مکان میں داخل ہو کر خواتین اور بچوں کو ڈھال بنالیا جس پر کافی دیر تک مقابلہ جاری رہا تاہم اس دوران پولیس نے بہترین حکمت عملی سے خواتین اور بچوں کو بحفاظت نکال لیا۔
ترجمان کے مطابق اس کے بعد مقابلے میں تین دہشت گرد مارے گئے جبکہ مقابلے میں ایک پولیس جوان شاہد اللہ بھی شہید ہوگئے۔
مارے جانے والے تین دہشت گردوں میں ایک مقامی کمانڈر چھوٹا وسیم شامل ہے جبکہ دہشت گردوں سے خود کار اسلحہ اور ایمونیشن برآمد ہوا ہے۔
شہید پولیس جوان شاہداللہ کی نماز جنازہ پولیس لائن میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی۔






















