پاکستان مسلم لیگ ( ن ) کی ترجمان اور سابق وفاقی وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ سیاسی مخالفین لیول پلیئنگ فیلڈ کا رونا نہ روئیں اور فیلڈ میں نکل کر مقابلہ کریں۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان ( ن ) لیگ مریم نواز کا کہنا تھا کہ لیول پلیئنگ فیلڈ 21 اکتوبر کو پورے پاکستان نے دیکھ لی ہے اور21 اکتوبر کے بعد پاکستان کے عوام نے سابق وزیر اعظم نوازشریف کے حق میں فیلڈ کا اعلان کر دیا ہے۔
ن لیگی ترجمان کا کہنا تھا کہ مخالفین کا لیول پلیئنگ فیلڈ کے حوالے سے ابھی سے رونا ان کی شکست کی نشاندہی کرتا ہے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ مخالفین ایک طرف لیول پلیئنگ فیلڈ کا رونا روتے ہیں اور دوسری طرف کلین سوئپ کا کہتے ہیں، 21 اکتوبر سے ہماری انتخابی مہم کا آغاز ہو چکا ہے اور عوام نے 21 اکتوبر کو اپنے ووٹ اور سپورٹ کا فیصلہ سنا دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے مظالم بھلا کر ملک کیلئے واپس آنے کا کہا اور عوام کے مسائل سے بات شروع کی، انہوں نے بجلی اور روٹی پر بات کی اور صرف پاکستان کے عوام کی بات کی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارا منشور پاکستان کےعوام کے مسائل سے جڑا ہے، ہم نے عوام کو ریلیف دیا تھا اور ایک بارپھر دیں گے۔
لیگی ترجمان کا کہنا تھا کہ نوازشریف نے شاندار استقبال پر پورے پاکستان کے کارکنان کا شکریہ ادا کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کو پانامہ کا شور مچا کر منصب سے ہٹایا گیا ، انہیں منصب سے ہٹانے کی تصحیح ملک کیلئے بہتر ہے، عوام کو موقع دیں، انہیں فیصلہ کرنے دیں کہ وزیراعظم کسے بنانا ہے، نوازشریف چوتھی باربھی وزیراعظم بنیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ شہبازشریف نے مثالی اتحادی حکومت چلائی، اتحاد میں شامل جماعتوں کو بھی خراج تحسین پیش کرتی ہوں، فلسطین میں ظلم اور گناہ ہو رہا ہے، بچوں اور خواتین کو شہید کیا جا رہا ہے، 11 نومبر کو فلسطین سے اظہار یکجہتی کا ایجنڈا رکھا گیا ہے۔