سی ٹی ڈی نے لاہور ، بہاولپور، بہاولنگر اور پاک پتن میں بھارتی خفیہ ایجنسی کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے ’’را‘ ‘ کے تین سپانسرڈ دہشتگردوں کو گرفتار کر لیاہے ۔
حکام کی جانب سے جاری کر دہ معلومات میں بتایا گیا کہ دہشتگرد عید پر لاہور ، بہاولنگر ، بہاولپور اور پاک پتن میں اہم مقامات پر دہشتگردی کرنا چاہتے تھے ، انہیں فیصل آباد کے علاقے جھنگ روڈ پٹھان کالونی میں کارروائی کے دوران بھارتی اسلحے سمیت گرفتار کیا گیا ۔
حکام کے مطابق دہشت گرد فتنہ الخوارج اور بھارتی دہشت گرد ایجنسی را کے لیے کام کرتے ہیں ، دہشت گرد غیر قانونی طور پر بارڈر کراس کر کے سری نگر اور راجستھان میں را کے دہشت گرد نمائندوں سے متعدد بار ملاقات کر چکے ہیں ، دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں دھماکہ خیز مواد ڈیٹونیٹر اور اسلحہ برامد کیا گیا ہے ، دہشت گرد اعظم کا تعلق منچن آباد ، امجد کا پاک پتن اور منظور کا تعلق بہاول نگر سے ہے ۔
حکام کا کہناتھا کہ دہشت گرد بھارت کی ایجنسی ’’را‘‘ کو واٹس ایپ کے ذریعے اہم مقامات کے نقشہ جات بھیجا کرتے تھے ، دہشت گردوں کے خلاف سی ٹی ڈی فیصل آباد نے مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے ۔






















