یوٹیوب نے ایک نئی ایپ اپ ڈیٹ جاری کی ہے جس کے نتیجے میں کئی پرانے آئی فون ماڈلز کے لیے ویڈیو شیئرنگ سروس کی سپورٹ ختم ہو جائے گی۔
اس اپ ڈیٹ کے تحت صرف iOS 16 یا اس سے جدید آپریٹنگ سسٹم پر چلنے والے آئی فونز ہی یوٹیوب ایپ کو سپورٹ کریں گے۔
نتیجتاً آئی فون 6S، 6S پلس، آئی فون 7، 7 پلس، اور آئی فون SE (پہلی جنریشن) پر یوٹیوب ایپ انسٹال یا اپ ڈیٹ نہیں کی جا سکے گی۔
یہ فیصلہ iOS 15 یا اس سے پرانے آپریٹنگ سسٹمز تک محدود ڈیوائسز کو متاثر کرے گا۔
اگرچہ ان ڈیوائسز پر یوٹیوب ایپ چلانا ممکن نہیں رہے گا تاہم صارفین موبائل براؤزر کے ذریعے یوٹیوب تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں لیکن آف لائن سپورٹ جیسے فیچرز براؤزر میں دستیاب نہیں ہوں گے۔
یاد رہے کہ یوٹیوب سے قبل واٹس ایپ نے بھی یکم جون 2025 سے پرانے آئی فونز کے لیے سپورٹ ختم کرنے کا اعلان کیا تھا اور اب صرف iOS 15.1 یا اس سے جدید ورژن والے آئی فونز پر واٹس ایپ استعمال کیا جا سکے گا۔






















