بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کے فورم پر پاکستان کا مؤقف دنیا تک پہنچانے کے لیے نیویارک پہنچ چکے ہیں۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر دنیا کو یہ پیغام دینا چاہتا ہے کہ وہ امن کا خواہاں ہے، مگر یہ امن صرف عزت اور برابری کی بنیاد پر ممکن ہے۔
سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیا میں دیرپا امن اس وقت تک ممکن نہیں جب تک کشمیر کے مسئلے کا منصفانہ اور پائیدار حل تلاش نہیں کیا جاتا۔ بھارت نے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دریاؤں کے پانی کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا شروع کر دیا ہے، جس پر عالمی برادری کو فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ اقوام متحدہ میں اس مؤقف کو بھرپور انداز میں اجاگر کریں گے کہ پاکستان کے عوام دہشتگردی کے خلاف کھڑے ہیں اور دنیا میں سب سے زیادہ قربانیاں پاکستان نے ہی دی ہیں،پاکستان ہر قسم کی دہشتگردی کا مقابلہ کرنا چاہتا ہےمگر بھارت کی جانب سے دہشتگردی کو ایک سیاسی ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا قابل مذمت ہے۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا کہ بھارت نہ صرف اپنے ملک میں بلکہ مقبوضہ کشمیر اور خطے کے دیگر مسلم اکثریتی علاقوں میں ظلم و ستم کر رہا ہے۔ اگر بھارت مسلمانوں کو نشانہ بناتا رہے گا تو پھر نہ صرف دہشتگردی کے خلاف جنگ متاثر ہوگی بلکہ امن کا قیام بھی ناممکن ہو جائے گا۔پاکستان کا امن کا پیغام واضح ہے ہم امن چاہتے ہیں، مگر عزت اور برابری کے ساتھ۔






















