نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے آذربائیجان اور ازبکستان کے وزرائے خارجہ سے الگ الگ ٹیلیفونک رابطہ کیا جس دوران آذر بائیجان میں اقتصادی تعاون تنظیم کے آئندہ اجلاس پر تفصیلی مشاورت کی گئی جبکہ ا زبکستان، افغانستان، پاکستان ریلوے لائن منصوبے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسحاق ڈار نے وزیراعظم شہباز شریف کی شاندار مہمان نوازی پر آذربائیجان کے وزیر خارجہ جیہون بیراموف کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے اقتصادی تعاون تنظیم کے آئندہ اجلاس پر تفصیلی مشاورت بھی کی۔ اقتصادی تعاون تنظیم کا اگلا اجلاس جولائی کے آغاز میں آذربائیجان میں ہوگا۔
ازبکستان کے وزیر خارجہ سیدوف بختیور اودیلووچ سے ٹیلی فونک گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے ازبکستان، افغانستان، پاکستان ریلوے لائن منصوبےکے فریم ورک معاہدے پرتبادلہ خیال کیا۔ افغانستان کی مشاورت سے معاہدے پر دستخط کی تقریب کا انعقاد بھی فریم ورک میں شامل ہے۔






















