این ڈی ایم اے نے ممکنہ موسمی صورتحال کے حوالے سے ایڈوائزری جاری کر دی ہے جس کے مطابق موسم کے نئے سلسلے کے باعث ملک بھر میں طوفان، تیزہواؤں اور شدید بارشوں کا امکان ہے ۔
این ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق آج شام سے رات 11 بجے تک اسلام آباد اور راولپنڈی میں آندھی،موسلاد ھار بارش کے ساتھ ژالہ باری متوقع ہے جبکہ خیبر پختونخوا ،شمالی پنجاب اور جنوب مشرقی پنجاب میں ژالہ باری، آندھی اورشدید بارش کا امکان ہے ۔
خیبر پختونخوا میں پشاور، چاسدہ، صوابی اور مردان میں ژالہ باری، آندھی اورشدید بارش متوقع ہے ، جنوبی پنجاب میں رحیم یار خان اور صادق آباد کے علاقوں میں شدید بارش، آندھی اور طوفان کا امکان ہے ۔
آزاد جموں و کشمیر میں مظفرآباد اور وادی نیلم میں بھی آندھی، طوفان اور شدید بارش متوقع ہے۔ آزا د کشمیر اور گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں شدید بارشیں لینڈ سلائیڈنگ کا باعث بن سکتی ہیں ۔
این ڈی ایم اے کا کہناتھا کہ متوقع موسمی صورتحال میں کھڑی فصلوں، گاڑیوں،سولر پینلز کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ نیشنل ڈایزاسٹرمنیجمنٹ اتھارٹی نے شہریوں کو احتیاط کی ہدایت کر دی ہے ۔



















