پاکستان نے مسجد اقصٰی اور غزہ میں سکول پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی قابض افواج اور غیرقانونی آبادکاروں کے اقدامات ناقابلِ قبول ہیں، عالمی برادری مظالم پر خاموش تماشائی نہ بنے۔ پاکستان مقدس مقامات کے تقدس اور تاریخی حیثیت کو برقرار رکھنے کا مطالبہ کر تا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق مسجد اقصیٰ کی تاریخی، مذہبی اور قانونی حیثیت کو نقصان پہنچانے کی اسرائیلی کوشش ناقابلِ برداشت ہے، اسرائیلی اقدامات بین الاقوامی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی ہیں۔ پاکستان نے غزہ میں بےگناہ فلسطینیوں، بالخصوص بچوں کے قتل عام کی سخت مذمت کی۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ایسے اقدامات سے خطے میں پہلے سے غیر مستحکم صورتحال مزید خراب ہوگی۔ پاکستان عالمی برادری سے اسرائیل کو مزید اشتعال انگیزی سے روکنے کا مطالبہ کرتا ہے۔ عالمی برادری مظالم پر خاموش تماشائی نہ بنے۔ اسرائیل کو سنگین جرائم پر جوابدہ ٹھہرایا جائے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے واضح کیا کہ پاکستان فلسطینیوں کے حق خودارادیت کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔ انیس سو سڑسٹھ سے قبل کی سرحدوں پر آزاد فلسطینی ریاست کا قیام ناگزیر ہے۔ القدس الشریف کو آزاد فلسطینی ریاست کا دارالحکومت ہونا چاہیے۔





















