تحریک لبیک پاکستان ( ٹی ایل پی ) کے طوفان الاقصیٰ ملین مارچ میں شرکت کے لئے بڑی تعداد میں کارکنان جمع ہوگئے ہیں۔
تحریک لبیک پاکستان ( ٹی ایل پی ) نے 5 نومبر کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں فیض آباد سے شاہراہ دستور تک طوفان الاقصیٰ مارچ کا اعلان کیا تھا۔
طوفان الاقصیٰ ملین مارچ میں شرکت کے لئے فیض آباد پل کے نیچے ایکسپریس ہائی وے پر بڑی تعداد میں کارکنان جمع ہوگئے ہیں جبکہ گاڑیوں اور بسوں میں سوار کارکنان نے فلسطین کے جھنڈے اٹھا رکھے ہیں۔
دوسری جانب انتظامیہ اور پولیس نے اسلام آباد کا ریڈ زون مکمل طور پر سیل کر دیا ہے۔
ریڈ زون کو جانے والے تمام راستوں کو کنٹینر لگا کر بند کر دیا گیا جبکہ ایوب چوک ، ایکسپریس چوک اور نادرا چوک سے تمام راستے بند ہیں۔
ریڈ زون کے اطراف 3000 پولیس اہلکاروں کو تعینات کر دیا گیا ہے اس کے علاوہ انسداد بلوہ اور ایف سی اہلکار بھی ریڈ زون جانے والے راستوں پر تعینات ہیں۔