پنجاب میں آندھی اور بارشوں کا الرٹ جاری کردیا گیا۔ پی ڈی ایم اے نے 23 اور 24 مئی کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں گرد آلود ہوائیں چلنے اور بارش کی پیشگوئی کردی۔
پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے آندھی اور بارشوں کا الرٹ جاری کردیا۔
ترجمان پی ڈی ایم کا کہنا ہے کہ 23 اور 24 مئی کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں گرد آلود ہوائیں چلیں گی اور بارش بھی متوقع ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ لاہور میں بھی بارشوں کے امکانات ہیں، ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کردیا گیا ہے، بارشوں کے سلسلے سے گرمی اور ہیٹ ویو کی شدت میں کمی واقع ہوگی۔
ان کا کہنا ہے کہ اسکول ایجوکیشن، محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، لوکل گورنمنٹ اور لائیو اسٹاک کو الرٹ جاری کیا گیا ہے، شہری آسمانی بجلی سے تحفظ کیلئے محفوظ مقامات پر رہیں۔





















