آرمی چیف سید عاصم منیر کو بیٹن آف فیلڈ مارشل سے نواز دیا گیا۔
جمعرات کی شام ایوان صدر میں آرمی چیف سید عاصم منیر کو بیٹن آف فیلڈ مارشل سے نوازنے کی تقریب کا انعقاد ہوا جس میں صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے آرمی چیف کو بیٹن آف فیلڈ مارشل عطا کیا۔
ایوان صدر میں ہونے والی تقریب میں صدر مملکت آصف علی زرداری ، وزیر اعظم شہباز شریف، سابق وزیر اعظم نواز شریف اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری شریک ہوئے۔
وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان بھی تقریب میں موجود تھے جبکہ وفاقی کابینہ کے ارکان ، وزیراعلیٰ پنجاب ، وزیراعلیٰ سندھ اور وزیراعلیٰ بلوچستان اور سروسز چیفس نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
پنجاب ، سندھ اور کے پی کے گورنرز بھی تقریب میں شریک ہوئے جبکہ غیرملکی سفارتکار ، سول اور عسکری حکام بھی تقریب کا حصہ تھے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے نئی تاریخ رقم کی، وزیر اعظم
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آج ایک تاریخی اور قابل فخر دن ہے ، ہم اپنے ہیروز کی خدمات کے معترف ہیں ، عسکری قیادت نے دشمن کیخلاف بے مثال اور تاریخی فتح حاصل کی ، بھرپور اور مؤثر جواب سے دشمن گھٹنے ٹیکنے پر مجبور ہوا ، افواج پاکستان نے دشمن کا غرور خاک میں ملا دیا۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کشیدہ صورتحال میں فیلڈ مارشل عاصم منیرکا جذبہ اور عزم مثالی تھا، وطن عزیز کیلئے ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ، ملکی خود مختاری اور سلامتی کیلئے ان کا کردار بہت اہم ہے ، آپریشن بنیان مرصوص کے دوران انہوں نے قائدانہ کردار ادا کیا۔
شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ قوم کے بہادر سپوت فیلڈ مارشل عاصم منیر نے نئی تاریخ رقم کی۔
معرکہ حق کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر نے فرنٹ سے لیڈ کیا، صدر مملکت
صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ تقریب کا مقصد قوم کے بہادر سپوتوں کو خراج تحسین پیش کرنا ہے اور پوری قوم کو اپنی بہادر مسلح افواج پر فخر ہے۔
آصف زرداری کا کہنا تھا کہ یہ قابل فخر لمحہ ہے ، معرکہ حق کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر نے فرنٹ سے لیڈ کیا اور دشمن کیخلاف پوری قوم اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ تھی جبکہ ہمارے بھرپور جواب نے دنیا پر ہماری صلاحیت ثابت کردی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم وطن عزیز کے چپے چپے کا دفاع کرنا جانتے ہیں۔
’’میڈیا ہمارا فخر ہے ‘‘، فیلڈ مارشل عاصم منیر
ایوان صدر میں سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کہنا تھا کہ میڈیا ہمارا پلر ہے جس نے ہمارے ساتھ مل کر جنگ لڑی۔
فیلڈ مارشل کا کہنا تھا کہ میڈیا ہمارا فخر ہے اور آپ لوگوں نے دنیا کو بتایا ہے کہ ہم سچ بولتے ہیں۔
جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ آپ نے ہمارے ساتھ مل کر جنگ لڑی اور ہم نے ثابت کیا ہم مادر وطن کا دفاع کرنا جانتے ہیں۔
وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کی مبارکباد
جنرل سید عاصم منیر کو بیٹن آف فیلڈ مارشل ملنے پر وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کی جانب سے انہیں مبارکباد پیش کی گئی اور انہوں نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بلاشبہ نئی عسکری تاریخ رقم کر دی۔
اپنے پیغام میں وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سید عاصم منیر پاک فوج کی قیادت کا عظیم فریضہ احسن انداز سے نبھا رہے ہیں، اور بیٹن آف فیلڈ مارشل کے اعزاز سے ساری قوم کا سر فخر سے بلند ہوا۔
عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ سید عاصم منیر کے باعث اقوام عالم میں پاکستان کا نام روشن ہوا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں مزید کامیابیاں حاصل کریں گے اور ساری قوم انہیں دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتی ہے۔






















