چیف آف آرمی اسٹاف ( سی او اے ایس ) جنرل سید عاصم منیر نے فیلڈ مارشل کے اعزاز پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے فیلڈ مارشل کے اعزاز پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا ہے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ یہ اعزاز پوری قوم، افواجِ پاکستان، بالخصوص سول اور ملٹری شہداء اور غازیوں کے نام وقف کرتا ہوں۔
انہوں نے صدر پاکستان، وزیراعظم اور وفاقی کابینہ کے اعتماد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز قوم کی امانت ہے جسے نبھانے کے لیے لاکھوں عاصم قربان ہیں۔
فیلڈ مارشل نے واضح کیا کہ یہ انفرادی نہیں بلکہ افواجِ پاکستان اور پوری پاکستانی قوم کے لیے اعزاز ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے قوم کے تعاون اور محبت پر بھی شکریہ ادا کیا اور وطن کی خدمت کے عزم کا اعادہ کیا۔
صدر مملکت اور وزیر اعظم کی مبارکباد
صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہبازشریف نے آرمی چیف عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی پانے پر مبارک باد پیش کی ہے۔
وفاقی وزرا ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس کی جانب سے بھی مبارک باد پیش کی گئی ہے۔
گورنر سندھ کا بیان
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے بھی جنرل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل بننے پر مبارک باد دی اور کہا کہ دشمن کو شکست فاش دینے پر سپہ سالار سید عاصم منیر اس عہدہ کے اصل حقدار تھے۔
گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ آپریشن بنیان مرصوص میں اعلیٰ حکمت عملی سپہ سالار جنرل سیدعاصم منیرکی صلاحیتوں کا واضح اظہار تھا۔
وزیر داخلہ کی مبارکباد
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ معرکہ حق کی شاندار فتح کے بعد فیلڈ مارشل کے عہدہ پر ترقی جنرل سید عاصم منیر کا حق تھا۔
محسن نقوی نے فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی ملنے پر جنرل سید عاصم منیر کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور کہا کہ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے محنت، صلاحیتوں اور پیشہ وارانہ مہارت سے یہ مقام حاصل کیا ہے۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ جنرل سید عاصم منیر کی قیادت میں مسلح افواج نے دشمن کو عبرتناک سبق سکھایا، قوم دشمن کیخلاف سیسہ پلائی دیوار بن کر مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی رہی، اس کا کریڈٹ جنرل سید عاصم منیر کو جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جرات، شجاعت، تدبر، حکمت اور دانش کا جو مظاہرہ جنرل عاصم منیر نے دکھایا اسکی مثال نہیں ملتی، یقین ہے کہ جنرل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاک فوج نئی بلندیوں تک جائیگی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جنرل سید عاصم منیر کی قیادت میں مسلح افواج کی مزید کامیابیوں اور کامرانیوں کیلئے دعاگو ہوں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کی مبارکباد
وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی جانب سے بھی جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی ملنے پر مبارکباد پیش کی گئی۔
اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ مریم نواز نے فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور کہا کہ انہوں نے ملک و قوم کیلئے قابلِ قدر خدمات سر انجام دیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ دعا ہے جنرل عاصم منیر کی قیادت میں پاک فوج پیشہ ورانہ مہارت کی بلندی تک پہنچے۔






















