وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا تجارت کے حوالے سے کھلا دعوت نامہ پاکستان کے لیے نئے مواقع لایا ہے۔
سماء سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا کہ پاکستان بھارت کی کسی بھی نئی شرارت کا بھرپور جواب دینے کے لیے تیار ہے جبکہ بھارت کا پاکستان مخالف بیانیہ ناکام ہو چکا ہے اور پوری قوم و مسلح افواج وطن کے دفاع کی پوری صلاحیت رکھتی ہیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بھارت بین الاقوامی اصولوں کو نظرانداز کرتے ہوئے جارحانہ عزائم پورے کرنا چاہتا ہے لیکن پاکستان نے ہمیشہ ذمہ دار ریاست کا کردار ادا کیا اور ٹھوس مؤقف اپنایا ہے۔
جام کمال نے بتایا کہ امریکا پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا تجارت کے حوالے سے کھلا دعوت نامہ پاکستان کے لیے نئے مواقع لایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان دوطرفہ تجارت باہمی مفادات کی بنیاد پر ہوگی جس میں نہ صرف تجارت بلکہ معدنیات، کاربن، اور زراعت سمیت دیگر شعبوں میں مشترکہ منصوبوں پر کام کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی وفد جلد امریکا کا دورہ کرے گا تاکہ امریکی حکام کے ساتھ بات چیت کو آگے بڑھایا جائے۔
وزیر تجارت نے بتایا کہ وزیراعظم امریکا کے ساتھ تجارت اور وسیع شراکت داری کی نئی حکمت عملی پر کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے امریکی صدر کے اس بیان کا حوالہ دیا کہ پاکستانی عوام کو "اسمارٹ، زہین اور پروگریسو" قرار دیا گیا ہے اور ٹرمپ نے کہا ہے کہ آگے بڑھنے کا راستہ تجارت ہے۔
جام کمال نے زور دیا کہ پاکستان دنیا کے لیے ایک پرکشش مارکیٹ بننا چاہتا ہے اور ان مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔





















