منشیات فروشوں سے رابطے ثابت ہونے پر اسلام آباد پولیس کے دو اہلکاروں کو نوکری سے فارغ کر دیا گیا، برخاست کیے گئے اہلکار اشتیاق عباسی کے قتل میں ملوث ملزم عامر سے رابطے میں تھے۔
منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ عناصر سے رابطوں پر نوکری سے نکالے گئے اہلکاروں میں اسسٹنٹ سب انسپکٹر اظہر محمود اور کانسٹیبل خالد محمود شامل ہیں۔ ڈی آئی جی اسلام آباد جواد طارق کے مطابق قتل کے مقدمہ کی تفتیش کے دوران دونوں اہلکار قتل میں ملوث ملزم اور بدنام زمانہ منشیات فروش سے ٹیلی فونک رابطے میں تھے۔
برخاست اہلکار اشتیاق عباسی کے قتل میں ملوث ملزم عامر عرف عامری سے رابطے میں تھے۔ انسپکٹر اظہر محمود اور کانسٹیبل خالد محمود کو انکوائری میں قصور وار پائے جانے پرسزائیں سنائی گئیں۔ ڈی آئی جی محمد جواد طارق کا کہنا ہے محکمے کی بدنامی کا باعث بننے والے اہلکاروں کی پولیس میں کوئی جگہ نہیں۔ تمام افسران اور اہلکار کمرکس لیں اور پوری ایمانداری سے فرائض سرانجام دیں۔






















