انسداد دہشتگردی عدالت راولپنڈی نے بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان کی بیرون ملک جانے کی درخواست خارج کردی۔ وکیل صفائی نے مؤقف اختیار کیا کہ علیمہ خان نمل یونیورسٹی کی فنڈ ریزنگ کیلئے بیرون ملک جانا چاہتی ہیں۔
راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان کی بیرون ملک جانے کی اجازت سے متعلق درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
اے ٹی سی نے علیمہ خان کی بیرون ملک جانے کی درخواست خارج کردی۔ پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے درخواست کی مخالفت کی تھی۔
وکیل صفائی نے مؤقف اپنایا کہ علیمہ خان نمل یونیورسٹی کی فنڈ ریزنگ کیلئے بیرون ملک جانا چاہتی ہیں، اسلام آباد ہائی کورٹ علیمہ خان کا نام پی این آئی ایل سے نکالنے کا حکم دے چکی ہے، درخواست گزار صرف تین ہفتوں کیلئے حاضری سے استثنیٰ چاہتی ہیں۔
وکیل فیصل ملک نے عدالت کو بتایا کہ کیس کا چالان تاحال پیش نہیں کیا گیا اس لیے علیمہ خان کی ذاتی پیشی ضروری نہیں۔ وکیل علی بخاری نے دلائل دیے کہ عدالت ایسے کیسز میں پہلے بھی ریلیف دے چکی ہے۔ پراسیکیوٹر نے اعتراض اٹھاتے ہوئے مؤقف دیا کہ جس مقدمے میں ریلیف مانگا گیا اسی میں ضمانت کی درخواست بھی دائر ہے، علیمہ خان کی قبل از گرفتاری ضمانت کی درخواست 21 مئی کو مقرر ہے۔
عدالت کو بتایا گیا کہ علیمہ خان کیخلاف راولپنڈی میں 11 مقدمات درج ہیں جن میں کسی میں بھی ضمانت نہیں ہوئی۔ پراسیکیوٹر نے کہا کہ قبل از گرفتاری درخواست میں استثنیٰ نہیں دیا جا سکتا اور اس صورت میں ذاتی پیشی ضروری ہے، سوائے میڈیکل گراؤنڈ کے کسی اور بنیاد پر استثنیٰ نہیں دیا جاسکتا، پراسیکیوشن کے مطابق بیرون ملک جانے کی درخواست ناقابلِ سماعت ہے۔



















