آسٹریلوی فاسٹ بولر مچل اسٹارک اور جنوبی افریقی اسٹار بیٹر فاف ڈوپلیسی نے سیکیورٹی خدشات کے باعث انڈین پریمیئر لیگ کے بقیہ میچز کھیلنے کیلئے بھارت واپس جانے سے انکار کردیا۔
معروف کرکٹ ویب سائٹ ’’کرک انفو‘‘ کی رپورٹ کے مطابق آسٹریلوی فاسٹ بولر مچل اسٹارک نے آئی پی ایل فرنچائز دہلی کیپیٹلز کو بقیہ میچز سے عدم دستیابی کے حوالے سے آگاہ کردیا۔
فاسٹ بولر نے خطے میں پائی جانیوالی کشیدگی کی وجہ سے یہ فیصلہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ میچل اسٹارک دھرم شالا میں بلیک آؤٹ سے روکے جانے والے میچ کا حصہ تھے اور ان کی اہلیہ ایلیسا ہیلی بھی وہاں موجود تھیں، انہوں نے ایک انٹرویو میں دھرم شالا کے حالات کھل کر بتائے تھے۔
کرک انفو کے مطابق جنوبی افریقی اسٹار بیٹر فاف ڈوپلیسی نے بھی سیکیورٹی خدشات کے باعث بھارت جانے سے انکار کردیا ہے۔
دوسری جانب میڈیا رپورٹس کے مطابق آسٹریلوی فاسٹ بولر جوش ہیزل ووڈ، پیٹ کمنز اور ٹریوس ہیڈ آئی پی ایل میچز کھیلنے دوبارہ بھارت جارہے ہیں۔
یاد رہے کہ آئی پی ایل کو گزشتہ جمعہ کو ملتوی کردیا گیا تھا، اب لیگ کے بقیہ میچز 17 مئی سے دوبارہ شروع ہورہے ہیں۔





















