سیکیورٹی ذرائع نے واضح کیا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان سیز فائر کسی مخصوص مدت یا تاریخ تک محدود نہیں، خلاف ورزی نہ ہونے پر جنگ بندی غیرمعینہ مدت تک برقرار رہے گی۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان 10 مئی کو سیز فائر ہوا تھا، جس کے بعد دونوں ملکوں کے ڈی جی ایم اوز کے درمیان تین بار رابطہ ہوا، دونوں جانب سے سیز فائر جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی سے متعلق کچھ غلط فہمیاں پائی جارہی ہیں، سیزفائر کسی مخصوص مدت یا تاریخ تک محدود نہیں ہے، خلاف ورزی نہ ہونے پر جنگ بندی غیر معینہ مدت تک برقرار رہے گی۔
ذرائع کے مطابق پاکستان سیزفائر معاہدے کی مکمل پاسداری کر رہا ہے، اب تک بھارت کی جانب سے بھی کوئی نئی اشتعال انگیزی نہیں کی گئی۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ صورتحال کو مزید پُرامن بنانے کیلئے مثبت اور تعمیری اقدامات بھی جاری ہیں، بھارت نے سیزفائر کی خلاف ورزی کی تو بھرپور اور مؤثر جواب دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ پہلگام واقعے کا بنیاد بنا کر بھارت نے 6 اور 7 مئی کی رات پاکستان کیخلاف جارحیت کی، جس کا بھرپور جواب دیا گیا، ایئر فورس نے رافیل سمیت بھارت کے 6 طیارے مار گرائے، جس کے بعد بھارت کی جانب سے میزائل حملے بھی کیے گئے۔
پاکستان نے بھارتی حملوں کے جواب میں آپریشن بنیان مرصوص کا آغاز کیا اور بھارت کے 10 سے زائد ایئر بیسز، اسلحہ ڈپو اور فوجی تنصیبات کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا۔






















