سندھ ہائیکورٹ نے رہائشی پلاٹوں پر کمرشل سرگرمیوں کی اجازت کے خلاف درخواست نمٹادی۔ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے عدالت کو بتایا کہ کمرشل سرگرمیوں کی اجازت کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا گیا ہے۔
رہائشی پلاٹوں پر کمرشل سرگرمیوں کی اجازت کے خلاف درخواست کی سماعت سندھ ہائیکورٹ میں ہوئی، عدالت کو بتایا گیا کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے کمرشل سرگرمیوں کی اجازت کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا گیا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل ایس بی سی اے اسحاق کھوڑو نے عدالت میں جواب جمع کرادیا، جس میں بتایا گیا ہے کہ 13 مارچ کا نوٹیفکیشن واپس لے رہے ہیں۔
سندھ ہائیکورٹ نے ایس بی سی اے کی جانب سے جواب جمع کرائے جانے پر مختصر حکمنامہ کے بعد درخواست نمٹادی۔
واضح رہے کہ ایس بی سی اے نے بلڈنگ ریگولیشنز کے قانون میں ترمیم کرتے ہوئے کراچی میں رہائشی مکانات پر تجارتی سرگرمیوں کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا تھا، فیصلے کے مطابق رہائشی علاقوں میں دکانوں، اسکولز، طبی مراکز اور دیگر تجارتی سرگرمیوں کی اجازت ہوگی۔
ڈائریکٹر جنرل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے دستخط سے ترمیم کے بعد نوٹیفکیشن جاری کیا گیا، کراچی بلڈنگ کنٹرول اینڈ ٹاؤن پلاننگ ریگولیشنز 2002ء میں ترمیم کی گئی تھی۔



















