وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بہاولپور پر بھارتی میزائل حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی عوام پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
اپنے حالیہ بیان میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سخت لہجے میں کہا کہ ’شروع بھارت نے کیا، ختم ہم کریں گے۔‘
مریم نواز شریف نے کہا کہ ’ہم امن کے خواہاں ہیں، لیکن عزت کے ساتھ۔ اور اگر جنگ مسلط کی گئی تو پوری قوم ایک لشکر بن جائے گی۔‘
انہوں نے ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ، ہسپتالوں اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہنگامی بنیادوں پر الرٹ رہنے کی ہدایت کی۔
عوام سے اپیل کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہری غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں اور شہری دفاع (Civil Defence) کی ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔
انہوں نے زور دیا کہ ’افواہوں پر کان نہ دھریں اور صرف سرکاری ذرائع سے معلومات حاصل کریں۔‘
وزیراعلیٰ نے شہریوں سے کہا کہ زخمیوں یا متاثرہ افراد کی اطلاع فوری طور پر قریبی ہسپتال یا ریسکیو اداروں کو دیں تاکہ بروقت امداد فراہم کی جا سکے۔
انہوں نے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں کو تیز کرنے اور زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔
مریم نواز شریف نے بھارتی جارحیت کو ’بزدلانہ‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے اور قوم متحد ہوکر اس چیلنج کا مقابلہ کرے گی۔






















