لاہور قلندرز کی ٹیم نے "اسموگ کو کرو آل آؤٹ" مہم کے تحت 'کلائمیٹ ایکشن پلان' کا حلف اٹھالیا۔ سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے پی ایس ایل ٹیم سے حلف لیا۔
لاہور قلندرز کی ٹیم کلائمیٹ ایکشن کا حصہ بن گئی، پی ایس ایل فرنچائز کے کھلاڑیوں اور دیگر ارکان نے آلودگی، کوڑا کرکٹ کے خاتمے اور سرسبز ماحول کے فروغ کی ٹیم بن کر کام کرنے کا حلف لیا۔
کرکٹرز نے حلف لیا کہ عہد کرتا ہوں کہ آج سے کرکٹ صرف کھیل نہیں بلکہ کلائمیٹ ایکشن کا جذبہ ہے، میں گراؤنڈ پریکٹس اور اپنی روزمرہ زندگی میں ماحولیاتی ذمہ داری نبھاؤں گا، میں پانی کے ضیاع کو روکنے اور بچت کی عادت کو فروغ دوں گا، دوسروں کو بھی اس کی آگاہی دوں گا۔
کھلاڑیوں نے حلف اٹھایا کہ میں درخت لگانے اور ماحول کو سرسبز بنانے میں کردار ادا کروں گا، میں دھویں اور کوڑا کرکٹ سے بچنے کا پیغام عام کروں گا، میں دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے استعمال کی حوصلہ شکنی کروں گا، میں پلاسٹک کے کم استعمال اور ری سائیکلنگ کو اپنی عادت بناؤں گا۔
کرکٹرز نے حلف اٹھایا کہ میں اپنے فینز، دوستوں اور فیملی کو بھی کلائمیٹ ایکشن میں شامل ہونے کی دعوت دوںگا، میں ماحولیاتی مسائل پر آواز اٹھاؤں گا اور اس کے حل کا حصہ بنوں گا، میں اپنی کامیابی کو تب ہی مکمل سمجھوں گا جب آلودگی کیخلاف میں جیتوں گا، پنجاب جیتے گا، پاکستان جیتے گا پاکستان جیتے گا۔