وزیراعلیٰ پنجاب اسکیم کے تحت طلبہ میں لیپ ٹاپ کی تقسیم کا آغاز آج سے ہوگا، مریم نواز تمام ڈویژنز میں خود لیپ ٹاپ تقسیم کرینگی۔
لیپ ٹاپ کے خواہشمند طلباء کیلئے انتظار کی گھڑیاں ختم، تقسیم آج سے شروع ہوگی۔ وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کا کہنا ہے کہ آج لاہور سے طلبہ میں لیپ ٹاپس کی تقسیم کا آغاز ہوگا، لیپ ٹاپ تقسیم کے سلسلے میں پہلی تقریب یو ای ٹی لاہور میں منعقد ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ لیپ ٹاپ تقسیم کیلئے تقاریب تمام ڈویژنز میں منعقد کی جائیں گی، وزیراعلیٰ پنجاب تمام ڈویژنز میں خود لیپ ٹاپ تقسیم کریں گی، طلباء کو جدید مشینری کے حامل لیپ ٹاپ دئیے جا رہے ہیں۔
رانا سکندر حیات کا کہنا ہے کہ آج لاہور میں 21 ہزار طلباء میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے جائیں گے، پبلک سیکٹر یونیورسٹی اور کالجز کے طلباء میں مجموعی طور پر ایک لاکھ 10 ہزار لیپ ٹاپ تقسیم ہوںگے۔
انہوں نے کہا کہ لیپ ٹاپ تقسیم کا آغاز کرکے وزیراعلیٰ پنجاب نے نوجوانوں سے کیا گیا ایک اور وعدہ پورا کردیا۔