نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی ( نیپرا) نے ایک نوٹس میں کہا ہے کہ ریلوے ٹریکس پر لٹکتی ہائی وولٹیج تاریں ملازمین اورمسافروں کیلئے بڑا خطرہ ہے۔
نیپرا نے پاکستان ریلوے، ڈسکوز اور این ٹی ڈی سی کے حفاظتی اقدامات پر سوالات اٹھا دیئے۔ نیپرا نے انتباہ کا نوٹس جاری کرتے ہوئے این ٹی ڈی سی، ریلوے اور ڈسکوز کو مسافروں کی حفاظت یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔
نوٹس کے متن کے مطابق ریلوے ٹریکس اوور ہیڈ لائنز کراسنگ ضروری حفاظتی جالوں کے بغیر ہیں، بجلی کی ہائی وولٹیج تاریں ریلوے نظام کےلیے بڑا خطرہ ہیں۔ ملک گیرریلوے ٹریکس، اسٹیشنز کی حفاظت کیلئے جامع سروے کرایا جائے۔
واضح رہے کہ جب بھی ریل گاڑی کا کوئی بڑا حادثہ ہوجاتا ہے تو حکومت کے اعلیٰ عہدیدار چند دنوں تک افسوس کے بیانات جاری کرتے ہیں تاہم اس کے بعد ریلوے کا نظام اپنی پرانی ڈگر پرگھسٹ گھسٹ کر چلتا رہتا ہے۔ کسی حکومت نے ریلوے کے فرسودہ ڈھانچہ کو بہتر بنانے پر توجہ نہیں دی۔ مبصرین کے مطابق اس وقت ریلوے کا ٹریک اور سگنل نظام اس قدر خراب حالت میں ہیں کہ اصولی طور پر کوئی مسافر ٹرین سفر کے لیے محفوظ نہیں۔