بھارتی اداکارہ راکھی ساونت نے کہا ہے کہ محبوب کی خاطر پاکستان سے بھارت آنیوالی سیما حیدر کو واپس پاکستان نہیں بھیجا جانا چاہیے، اب وہ بھارتی بہو ہے، انہوں نے ایک ہندوستانی کے بچے کو جنم دیا ہے۔
راکھی ساونت نے انسٹاگرام پر ویڈیو پیغام شیئر کیا، جس میں سیما حیدر کی حمایت میں ان کا کہنا ہے کہ ہمیں ایسا ظلم نہیں کرنا چاہیے۔
راکھی ساونت کے مطابق سیما حیدر پاکستانی شہری تھیں لیکن اب وہ بھارتی بہو ہیں، انہوں نے ہندوستانی مرد کے بچے کو جنم دیا، یہاں شادی کی، کسی عورت پر اس طرح کا ظلم نہیں ہونا چاہیے، اسے بے دخل کرکے پاکستان نہیں بھیجنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اگر سیما حیدر ہندوستانی مرد کے بچے کو جنم نہ دیتیں تو ٹھیک تھا لیکن اب اس نے ایک بچے کو جنم دیا ہے، اسے یہاں سے نکالنا ٹھیک نہیں۔
راکھی ساونت نے بتایا کہ سیما حیدر مسلمان تھیں لیکن اب وہ ہندو بن چکی ہیں اور انہوں نے بھارتی لڑکے سچن سے شادی کر رکھی ہے، معصوم لوگوں کے ساتھ ایسا نہیں ہونا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ سیما حیدر ایک خاتون ہیں، فٹبال نہیں، جنہیں لات مار کر یہاں سے نکالا جائے گا، وہ گزارش کرتی ہیں کہ انہیں یہاں سے نہ نکالا جائے۔
خیال رہے کہ سیما حیدر 2023ء میں پاکستان سے بھارت پہنچیں تھیں، جہاں انہوں نے اترپردیش کے رہائشی لڑکے سچن سے شادی کرلی تھی اور ان کے ہاں رواں برس بچے کی پیدائش بھی ہوئی تھی۔
سیما حیدر کا تعلق صوبہ سندھ سے ہے اور وہ یہاں بھی شادی شدہ تھیں، وہ اپنے چار بچوں کے ساتھ بھارتی لڑکے کے عشق میں براستہ نیپال بھارت پہنچیں تھیں۔
چند دن قبل 22 اپریل کو مقبوضہ کشمیر کے سیاحتی علاقے پہلگام میں سیاحوں پر ہونیوالے حملے کے بعد بھارتی حکومت نے تمام پاکستانیوں کو تین دن میں بھارت چھوڑنے کا حکم دیا تھا، بھارتی حکومت نے تمام پاکستانیوں کے ویزے بھی منسوخ کردیئے تھے۔