خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز نے 3 مختلف کارروائیوں کے دوران 15 خوراج کو جہنم واصل کر دیا جبکہ شدید جھڑپ کے دوران پاک فوج کے دو جوان بھی وطن پر قربان ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی جانب سے خفیہ اطلاعات پر ضلع کرک آپریشن کیا گیا جس کے دوران دوران 8 خوارج کو انجام تک پہنچایا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان میں کیے گئے آپریشن کے دوران 4 خوارج مارے گئے تاہم، شدید جھڑپ کے دوران پاک فوج کے 2 جوان بھی شہید ہوئے۔
شہدا میں لانس نائیک عثمان مہمند اور سپاہی عمران خان شامل ہیں جبکہ 28 سالہ عثمان کا تعلق مہمند اور 26 سالہ عمران کا تعلق ضلع کرم سے ہے۔
جنوبی وزیرستان کےعلاقے گومل زام میں تیسری کارروائی کی گئی جہاں 3 خوارج کو ہلاک کیا گیا۔
بیان میں بتایا گیا کہ ہلاک ہونے والے خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا جبکہ علاقے میں مزید خوارج کی ممکنہ موجودگی کے پیش نظرکلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے عزم پر قائم ہیں اور بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے حوصلوں کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔