سابق نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ بھارت نے پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے ذریعے سندھ طاس معاہدے کو ختم کرنے کی کوشش کی اور پانی روکنے کا بھارتی اعلان پاکستان کے وجود پر حملہ ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ تخریب کاری بھارت کے منشور کا حصہ بن چکی ہے اور خطے کی دو ایٹمی قوتوں کے درمیان جنگ کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔
انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ ایسی صورتحال میں پورے پاکستان کو تمام اختلافات بھلا کر ایک ساتھ کھڑا ہونا ہے اور ہمیں صورتحال کی سنگینی کا ادراک ہونا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہندوستان کے ارادے نیک نہیں ہیں ، پاکستان اور بھارت دونوں کے پاس بڑی افواج اور ایٹمی ہتھیار ہیں، لوگ ایٹمی جنگ کا خطرہ محسوس کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صرف ایک پاکستانی پرچم کے نیچے کھڑے ہو کر ہم نے جواب دینا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں صورتحال کی سنگینی کا ادراک ہونا چاہیے اور ہمیں ہر طرح کے حالات کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار رہنا ہوگا۔