ایران کے شہر بندر عباس کی بندرگاہ میں خوفناک دھماکے میں 4 افراد جاں بحق اور 500 سے زائد زخمی ہوگئے، ہلاکتوں میں اضافے بھی خدشہ ہے، امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔
مقامی میڈیا کے مطابق ہفتے کے روز ایران کے جنوبی شہر بندر عباس میں واقع شاہد راجائی بندرگاہ پر زور دار دھماکا ہوا، ابتدائی معلومات کے مطابق دھماکا آئل ٹینکر میں ہوا۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق ایرانی میڈیا نے تصدیق کی ہے کہ واقعے میں 4 افراد جاں بحق اور 500 سے زائد زخمی ہوگئے، ہلاتوں میں اضافے کا بھی خدشہ ہے۔
ارنا نیوز ایجنسی کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ دھماکے میں زخمی 500 سے زائد افراد کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
سوشل میڈیا پر زیر گردش واقعے کی ویڈیوز میں بندرگاہ کے ایک مقام پر آگ لگی دیکھی جاسکتی ہے جس کے بعد زور دار دھماکا ہوتا ہے، دھماکے کے اثرات دور دور تک محسوس کئے گئے، قریبی پارکنگ میں کھڑی گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق دھماکے سے بندرگاہ کے اندر موجود کئی عمارتوں کو بھی شدید نقصان پہنچا، کھڑیاں اور دروازے ٹوٹ گئے جبکہ دفاتر میں رکھا ہوئے سامان اور کمپیوٹرز کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
ایران کی ایمرجنسی آرگنائزیشن کے ترجمان نے بتایا واقعے کے بعد ہنگامی فورسز کو فوری طور پر ہائی الرٹ کردیا گیا۔
شہید رجائی پورٹ حادثے میں زخمیوں کی تعداد 500 تک پہنچ گئی جبکہ ہلاکتوں کے اعداد و شمار حتمی اور قطعی نہیں ہیں۔
مقامی میڈیا نے بتایا ہے کہ مقامی رہائشیوں کا کہنا ہے کہ دھماکے سے زمین ہل گئی اور قریبی قصبوں تک اس کی آواز سنی گئی۔
صوبہ ہرمزگان کے کرائسز مینجمنٹ چیف نے کہا ہے کہ شاہد راجائی بندرگاہ پر چند منٹ پہلے ایک زوردار دھماکہ ہوا۔
مقامی خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق دھماکا بندرگاہ کے اندر ایک انتظامی عمارت میں ہوا۔
دھماکے کے بعد امدادی ٹیمیں پہنچ گئیں، امدادی سرگرمیاں جاری ہیں، زخمیوں کو نکال کر اسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔
حکام کے مطابق دھماکے سے ریفائنریاں، فیول ٹینک، ڈسٹری بیوشن کمپلیکس اور تیل کی پائپ لائنیں متاثر نہیں ہوئیں اور ریفائنریز میں معمول کے مطابق کام جاری ہے۔