سونے کی قیمت میں ایک بار پھر کمی ہوگئی، فی تولہ نرخ ساڑھے تین لاکھ اور دس گرام 3 لاکھ روپے سے نیچے آگیا۔
آل پاکستان صراف اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق پاکستان میں سونے کی قیمت مزید کمی کے بعد تین لاکھ 50 ہزار روپے سے نیچے آگئی۔
رپورٹ کے مطابق فی تولہ نرخ 3300 روپے کی کمی کے بعد 3 لاکھ 48 ہزار 700 روپے کا ہوگیا جبکہ دس گرام سونا 2833 روپے گر کر 2 لاکھ 98 ہزار 950 روپے پر پہنچ گیا۔
جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق 22 قیراط سونا بھی 2597 روپے سستا ہوکر 2 لاکھ 74 ہزار 47 روپے کا ہوگیا۔
ایسوسی ایشن سے جاری اعداد و شمار کے مطابق فی اونس سونا بھی 33 ڈالر کی کمی کے بعد تین ہزار 305 ڈالر کا ہوگیا۔
رپورٹ کے مطابق فی تولہ چاندی کی قیمت 40 روپے کمی سے 3497 روپے اور فی اونس نرخ 0.40 ڈالر گرنے کے بعد 33.33 ڈالر ہوگئے۔