کوئٹہ کے علاقے مارگیٹ میں فورسز کے بم ڈسپوزل اسکواڈ کے قریب دھماکے میں 4 ایف سی اہلکار شہید اور 3 زخمی ہوگئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان کے دارالخلافہ مارگیٹ کے علاقے میں سیکیورٹی فورسز کے بم ڈسپوزل اسکواڈ کے قریب زور دار دھماکا ہوگیا، واقعے میں کم از کم 4 ایف سی اہلکار شہید اور 3 زخمی ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق دھماکے کے بعد فورسز کسی بھاری نفری اور ریسکیو ٹیمیں علاقے میں پہنچ گئیں، شہید اہلکاروں کی لاشیں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔
سیکییورٹی ذرائع کے مطابق شہید ہونے والوں میں صوبیدار شہزاد امین، نائب صوبیدار عباس، سپاہی خلیل اور سپاہی زاہد شامل ہیں جبکہ زخمیوں کی شناخت لانس نائیک ظفر، لائنس نائیک فاروق اور سپاہی خرم سلیم کے ناموں سے ہوئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فورسز کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، تحقیقات اور ملزمان کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان میں قلات کے دیہی علاقے امیری میں کبوتو کے مقام پر سڑک کنارے نصب امپرووائزڈ ایکسپلوسیو ڈیوائس (آئی ای ڈی) کے دھماکے میں 2 خواتین اور بچوں سمیت 4 افراد جاں بحق اور 5 شدید زخمی ہوئے تھے۔