سابق کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ جے شاہ وہی کرے گا جو مودی سرکار کہے گی، سربراہ آئی سی سی کا کام تو بھارتی وزیراعظم کو خوش رکھنا ہے، پاکستان کو آئی سی سی میں شامل بورڈز سے تعلقات بہتر بنانے ہوں گے۔
سابق کپتان اور آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے سماء کے پروگرام زور کا جوڑ میں گفتگو کرتے ہوئے سربراہ آئی سی سی جے شاہ کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے پی سی بی کو لابنگ مضبوط بنانے اور دیگر ممالک سے تعلقات بہتر کرنے کا مشورہ دے دیا۔
انہوں نے کہا کہ جے شاہ وہی کرے گا جو مودی سرکار کہے گی، سربراہ آئی سی سی کا کام بھارتی وزیراعظم کو خوش رکھنا ہے، مودی کے آنے کے بعد سے کافی چیزیں تبدیل ہوچکی ہیں، ان کی پوری کوشش ہے پاکستان کو نقصان پہنچائیں۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ ہمیں کچھ جگہوں پر سخت مؤقف اپنانا ہوگا، اس کیلئے اپنے پاؤں پر کھڑا ہونا پڑے گا، بھارت میں پاکستانی ٹیم پر گراؤنڈ میں بھی پتھراؤ ہوا اور واپس ہوٹل جاتے ہوئے راستے میں بھی پتھر مارے گئے، بال ٹھاکرے کی طرف سے دھمکیاں ملتی رہتی تھیں، حکومت نے گرین سگنل دیا ہوا تھا اس لئے فکر نہیں تھی۔
سابق کپتان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کو آئی سی سی میں شامل ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہتر بنانا ہوگا، چیئرمین کرکٹ بورڈ کا یہی کام ہے۔
شاہد آفریدی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ انسانیت سے بڑا کوئی مذہب نہیں، ہمارے سیاستدانوں نے کبھی بھی انتخابات میں ہندو مخالف کارڈ استعمال نہیں کیا لیکن دوسری جانب بھارت میں نریندر مودی ہمیشہ مسلم مخالف کارڈ کا استعمال کرتا رہا ہے۔