حکومت پنجاب اور انسپکٹوریٹ آف پرزنز پنجاب کی ہدایات پر لاہور ریجن کی جیلوں کے اسیران کے درمیان شوٹنگ والی بال ٹورنامنٹ کا کامیاب انعقاد کوٹ لکھپت جیل میں کیا گیا، جس میں ڈسٹرکٹ جیل نارووال کی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹورنامنٹ جیت لیا۔
چار روزہ ٹورنامنٹ کا آغاز 22 اپریل کو ہوا اور اختتام آج جمعہ کو ہوا۔ ٹورنامنٹ میں لاہور ریجن کی مختلف جیلوں بشمول ڈسٹرکٹ جیل قصور، سینٹرل جیل گوجرانوالہ، ڈسٹرکٹ جیل سیالکوٹ، ڈسٹرکٹ جیل لاہور، سینٹرل جیل لاہور، ڈسٹرکٹ جیل نارووال، ڈسٹرکٹ جیل حافظ آباد اور ڈسٹرکٹ جیل شیخوپورہ کی ٹیموں نے بھرپور حصہ لیا۔
فائنل میچ میں ڈسٹرکٹ جیل نارووال کی ٹیم نے ڈسٹرکٹ جیل حافظ آباد کی ٹیم کو شکست دے کر فتح اپنے نام کی اور ٹرافی حاصل کی۔اختتامی تقریب میں ڈپٹی انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات نوید رؤف اور سینئر سپرنٹنڈنٹ کوٹ لکھپت جیل اعجاز اصغر نے شرکت کی اور فاتح ٹیم کو ٹرافی اور دیگر انعامات سے نوازا۔