بالی ووڈ کی معروف اداکارہ عالیہ بھٹ کے سوتیلے بھائی اور فٹنس ٹرینر راہول بھٹ نے ایک حالیہ پوڈکاسٹ انٹرویو میں سنسنی خیز بیانات دے کر سوشل میڈیا پر ہنگامہ برپا کردیا ہے۔
بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف ہدایتکار مہیش بھٹ کے بیٹے اور اور سابقہ اداکارہ پوجا بھٹ کے سگے بھائی راہول بھٹ نے اپنی سگی بہن پوجا بھٹ کو عالیہ بھٹ سے ہر لحاظ سے بہتر قرار دیا جس سے بالی ووڈ حلقوں میں نئی بحث چھڑ گئی ہے۔
راہول نے اپنے طویل انٹرویو میں بالی ووڈ ستاروں جیسے کارتیک آریان، عامر خان، ساجد خان اور علی فضل کی فٹنس ٹرانسفارمیشن اور باڈی بلڈنگ کے ذریعے ان کی شخصیت میں بہتری لانے کے تجربات پر کھل کر بات کی تاہم، انٹرویو کا سب سے زیادہ توجہ حاصل کرنے والا حصہ رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ سے متعلق ان کے تبصرے تھے۔
رنبیر کپور کے بارے میں راہول نے کہا کہ میں رنبیر کی اس حد تک عزت کرتا ہوں کہ وہ ایک اچھے والد اور میری سوتیلی بہن عالیہ کے خیال رکھنے والے شوہر ہیں لیکن ان کی اداکاری یا دیگر صلاحیتوں کے بارے میں مجھے زیادہ نہیں پتہ۔
عالیہ بھٹ سے متعلق سوال پر راہول نے کہا عالیہ ایک اچھی ماں اور کامیاب اداکارہ ہیں، لیکن اگر آپ مجھ سے ان کا میری سگی بہن پوجا بھٹ سے موازنہ کرنے کو کہیں تو عالیہ ان کے آگے کچھ بھی نہیں، نہ ان میں پوجا جیسا ٹیلنٹ ہے اور نہ ہی شکل و صورت، پوجا کے مقابلے میں عالیہ پانی کم چائے ہیں۔
انہوں نے مزید زور دیتے ہوئے کہا یہ میری ذاتی رائے ہے کہ عالیہ میری بہن پوجا کے ٹیلنٹ اور شخصیت کا آدھا حصہ بھی نہیں۔
عالیہ بھٹ کے مداحوں نے اس تبصرے پر سخت ناراضی کا اظہار کیا جبکہ پوجا بھٹ کے چاہنے والوں نے راہول کی رائے کی حمایت کی۔