لاہورمیں داتا دربار کے قریب افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک ماں اور اس کی کمسن بیٹی کھلے مین ہول میں گر گئیں۔ ریسکیو حکام کے مطابق واقعہ مناسب روشنی نہ ہونے کے باعث پیش آیا، جس کی وجہ سے دونوں کو مین ہول نظر نہ آ سکا۔
ریسکیو حکام نے بتایا کہ والدہ کا نام سعدیہ عمر ہے جن کی عمر 23 سال جبکہ بچی کا نام ندا فاطمہ عمر ہے اور اس کی عمر 9 ماہ ہے۔ دونوں ماں بیٹی پرندہ مارکیٹ کے قریب سے گزر رہی تھیں کہ اچانک مین ہول میں جا گریں۔
ریسکیو کے مطابق انتظامیہ نے پرندہ مارکیٹ میں کھدائی کے دوران مین ہول بنایا تھا جہاں مناسب روشنی نہ ہونے کی وجہ سے یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ واقعے کے بعد ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں جو تاحال جاری ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ ماں بیٹی کی تلاش کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔






















