پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی مقبول فرنچائز ملتان سلطانز کے مالک علی ترین نے واضح کیا ہے کہ وہ آئندہ سیزن میں ٹیم کو ری بڈ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، اور اس حوالے سے یہ تاثر غلط ہے کہ وہ بولی میں حصہ نہیں لیں گے۔
ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے علی ترین نے کہا"یہ میرا حق ہے کہ میں موجودہ کنٹریکٹ ختم ہونے کے بعد اسے چھوڑ دوں اور ری بڈ کروں۔ ہماری کوشش ہوگی کہ کراچی کنگز کے آس پاس بولی دیں۔"
انہوں نے کہا کہ ہم سے پہلے جو ملتان سلطانز کے اونر تھے انہوں نے ٹیم اس لیے چھوڑی تھی کہ بہت زیادہ نقصان ہورہا تھا۔ ہمیں پتہ ہے کہ ہم نے کتنی بڈ کرنی ہے۔کنٹریکٹ میں بھی یہ موجود ہے کہ اگر کنٹریکٹ میں ویلیو پسند نہ آئی تو ہم اسے چھوڑ کر ری بڈ کرسکتے ہیں۔
علی ترین کا کہنا ہے کہ جب ملتان سلطانز اسلام آباد یونائٹڈ کے خلاف پہلا میچ ہاری تو انہوں نے تمام کھلاڑیوں سے یہی کہا تھا کہ پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے ہم اپنے گھر ملتان جائیں گے اور یہ ثابت کریں گے کہ ہم چیمپئن ٹیم ہیں۔ ملتان کرکٹ اسٹیڈیم سے ہماری اچھی یادیں وابستہ ہیں۔
علی ترین کا کہنا ہے کہ وہ اپنی ٹیم کو یہ باور کراچکے ہیں کہ ملتان سلطانز ان کے لیے نہیں کھیلتی ، کوچ کے لیے نہیں کھیلتی بلکہ یہ ٹیم ملتان اور ان علاقوں کے لوگوں کے لیے کھیلتی ہے جو اسے پسند کرتے ہیں جو نہ صرف اسٹیڈیم میں آکر ٹیم کو سپورٹ کرتے ہیں بلکہ اسمارٹ فون پر میچز دیکھ کر بھی اسے سپورٹ کرتے ہیں۔
علی ترین نے اپنے ڈیولپمنٹ پروگرام اور ویمنز اکیڈمی کے سلسلے میں 14سالہ شہربانو کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ اس بچی نے ڈیڑھ سال پہلے ہی کرکٹ کھیلنا شروع کی ہے اور اس مختصر عرصے میں وہ قومی ٹیم میں آگئی ہے اور اس کے پاس سینٹرل کنٹریکٹ ہے۔اسی طرح ہماری ڈیولپمنٹ ٹیم گریڈ ٹو ٹورنامنٹ کھیل رہی ہے۔ہماری لودھراں کی اکیڈمی بھی خاصی متحرک ہے۔






















