فیڈرل بورڈ آف ریونیو ( ایف بی آر) کے کارپوریٹ ٹیکس آفس کراچی نے ٹیکس چوروں کیخلاف کاروائیاں تیز کرتے ہوئے بین الاقوامی شہرت یافتہ فیشن ڈزائینر نومی انصاری کیخلاف سوا ارب روپے کے سیلز ٹیکس فراڈ کی ایف آئی آر درج کرلی ہے۔
رپورٹ کے مطابق کارپوریٹ ٹیکس آفس کراچی نے ٹیکس چوروں کیخلاف کارروائیوں میں تیزی لاتے ہوئے عالمی شہرت یافتہ پاکستانی فیشن ڈیزائنر نومی انصاری کیخلاف ایک ارب 25 کروڑ روپے کے سیلزٹیکس فراڈ کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق نومی انصاری کی بیرون ملک سے واپسی پر گرفتاری کا امکان ہے، ملزم کو گرفتار کرنے کے بعد کسٹمز اور ٹیکسیشن کورٹ کے سامنے پیش کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ کارپوریٹ ٹیکس آفس نے رواں سال فروری میں کراچی میں غیر معمولی کارروائی کرتے ہوئے نومی انصاری کی فیکٹری اور مختلف آؤٹ لیٹس کو سیلز ٹیکس فراڈ اور پوائنٹ آف سیل قوانین کی خلاف ورزی کے باعث سیل کردیا تھا۔
کارپوریٹ ٹیکس آفس کراچی نے مجسٹریٹ سے سرچ وارنٹس حاصل کرنے کے بعد نومی انصاری کی فیکٹری اور شہر کے مختلف علاقوں مہران ٹاؤن، کورنگی اور ڈی ایچ اے میں واقع اہم آؤٹ لیٹس پر چھاپے مارے تھے۔