ترکیہ نے کرپٹو اثاثوں سے متعلق قانون کو سخت کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
فنانشنل ایکشن ٹاسک فورس ( ایف اے ٹی ایف ) نے 2021 میں ترکیہ کو منی لانڈرنگ روکنے کے لئے مطلوبہ اقدامات نہ کرنے پر گرے لسٹ میں شامل کیا تھا جس کے پیش نظر ترک حکومت نے کرپٹو اثاثوں سے متعلق سخت قانون سازی کا اعلان کیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق ترک حکومت کرپٹو اثاثوں کا احاطہ کرنے والی نئی قانون سازی کی تیاری کر رہی ہے تاکہ ایف اے ٹی ایف کو گرے لسٹ سے نکالنے پر آمادہ کیا جائے۔
ایک پارلیمانی کمیشن سے خطاب کرتے ہوئے ترک وزیر خزانہ مہمت سمسک نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف کی رپورٹ میں پایا گیا ہے کہ ترکیہ واچ ڈاگ کی 40 شرائط میں سے ایک کے علاوہ باقی سب پر پورا اترتا ہے اور وہ ایک رہ جانے والا مسلئہ کرپٹو کرنسی سے متعلق قانون سازی ہے۔
ترک وزیر خزانہ نے کہا کہ ہم کرپٹو اثاثوں سے متعلق قانون کا مسودہ جلد از جلد پارلیمنٹ میں پیش کریں گے جس کے بعد اگر کوئی اور سیاسی تحفظات نہ ہوئے تو ترکیہ کے لیے گرے لسٹ میں رہنے کی کوئی وجہ نہیں رہے گی۔
تاہم، وزیر خزانہ نے قانونی تبدیلیوں کی مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔
ایف اے ٹی ایف نے ترکیہ کو سنگین کوتاہیوں کے بارے میں خبردار کیا تھا جس میں 2019 میں دہشت گردی اور بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں سے منسلک اثاثوں کو منجمد کرنے کے اقدامات کو بہتر بنانے کی ضرورت بھی شامل تھی۔