پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ اور ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس کے لیے باقاعدہ اشتہارات جاری کر دیے ہیں۔ یہ اشتہارات پی سی بی کی آفیشل ویب سائٹ پر جاری کیے گئے ہیں، جہاں اہل امیدواروں سے 4 مئی 2025 تک درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق عاقب جاوید، جنہیں چیمپئنز ٹرافی تک عبوری ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا تھا، نے مستقل ہیڈ کوچ بننے میں دلچسپی ظاہر نہیں کی۔ انہیں دورہ نیوزی لینڈ کے لیے بھی اضافی ذمہ داریاں دی گئی تھیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی ایک بار پھر غیر ملکی کوچ کی خدمات حاصل کرنے پر غور کر رہا ہے۔ ہیڈ کوچ کے امیدوار کے لیے لیول تھری کرکٹ کوچ کی اہلیت لازمی قرار دی گئی ہے۔
اسی طرح، ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس کے عہدے کے لیے بھی اشتہار جاری کیا گیا ہے۔ یہ عہدہ ندیم خان کے مستعفی ہونے کے بعد سے خالی تھا۔ اس عہدے کے لیے بھی درخواستیں 4 مئی تک جمع کرائی جا سکتی ہیں، اور ترجیح ٹیسٹ اور انٹرنیشنل کرکٹرز کو دی جائے گی۔