کینیا کے گاؤں راپوگی میں پیسوں اور مفت سواری کے چکر میں ایک شخص کے ہیلی کاپٹر سے لٹک جانے کا حیرت انگیز واقعہ پیش آیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی ، اس عجیب و غریب عمل نے ناظرین کو دنگ کر دیا اور مقامی حکام کی توجہ حاصل کی۔
وائرل ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ جیسے ہی ہیلی کاپٹر اڑان بھرنے کی تیاری کرتا ہے ایک شخص اس کے لینڈنگ گیئر سے لٹک جاتا ہے اور ہوا میں بلند ہوتا چلا جاتا ہے۔
ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق اس شخص کی شناخت 28 سالہ سٹیفن اودھیامبو اوما عرف ابیسالوم کومانڈو کے نام سے ہوئی ہے۔
اوما نے مبینہ طور پر ہیلی کاپٹر میں سوار افراد سے پیسے اور مفت سواری مانگی تھی لیکن جب اس کی درخواست مسترد ہوئی تو اس نے خطرناک اقدام اٹھاتے ہوئے ہیلی کاپٹر سے لٹک کر سفر کی کوشش کی۔
یہ واقعہ 13 اپریل 2025 کو اوہنگلا موسیقار پرنس اندھا کی شادی کی تقریب کے دوران پیش آیا جہاں ہیلی کاپٹر یوٹیوبر اوگا اوبینا کو لے جا رہا تھا۔
پائلٹ کو جب اضافی "مسافر" کا احساس ہوا تو اس نے فوری طور پر قریبی کھیت میں ہنگامی لینڈنگ کی۔
اوما نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ ہوا میں تھکن کی وجہ سے وہ مشکل میں تھے لیکن بحفاظت زمین پر اتارے جانے پر انہیں ریلیف ملا، حیران کن طور پر وہ اپنے عمل پر شرمندہ نہیں تھے اور دعویٰ کیا کہ وہ 65 منٹ کا سفر نیروبی تک بغیر کسی پریشانی کے مکمل کر سکتے تھے۔
انہوں نے اس تجربے کو "پُرجوش" قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ عام طور پر گدھوں پر سفر کرتے ہیں اس لیے یہ پرواز ان کے لیے ایک "تاریخی لمحہ" تھی۔
اوریری سب کاؤنٹی کے پولیس کمانڈر اینریکو لیومو نے تصدیق کی کہ اوما کو 14 اپریل کی رات گرفتار کر لیا گیا۔
گرفتاری کے دوران انہوں نے مزاحمت کی لیکن تین پولیس افسران کی مدد سے انہیں حراست میں لے لیا گیا۔
اوما پر اپنی اور ہیلی کاپٹر میں موجود دیگر افراد کی جان خطرے میں ڈالنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔