جرمنی میں تقریباً 50 بھیڑیں اپنے چرواہے سے بچ نکل کر قریبی گروسری اسٹور میں داخل ہو گئیں۔
درجنوں بھیڑیں مرکزی دروازے سے اسٹور کے اندر داخل ہوئیں، جس کے باعث اندر افراتفری مچ گئی۔ بھیڑوں کی وجہ سے اسٹور کے اندر نقصان ہوا اور جگہ جگہ گندگی پھیل گئی۔
مقامی پولیس نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ بھیڑیں چرواہے ڈیٹر مشلر کے ریوڑ سے الگ ہو گئی تھیں، جو انہیں سن دریا کی جانب لے جا رہے تھے۔
چرواہے کے مطابق پارکنگ ایریا میں پڑی بلوط کی گریاں بھیڑوں کی توجہ کا سبب بنیں، جس کے بعد وہ مزید خوراک کی تلاش میں اسٹور کے اندر چلی گئیں۔
ڈیٹر مشلر نے بتایا کہ جب وہ موقع پر پہنچے تو بھیڑیں اسٹور سے باہر آچکی تھیں اور بعد ازاں انہیں بحفاظت دوبارہ ریوڑ کے ساتھ ملا دیا گیا۔ خوش قسمتی سے اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔





















