پاکستان ایگلز نے لاہور میں جاری گرونانک کبڈی کپ کے دوسرے دن شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارتی اور ایرانی ٹیموں کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی۔
دوسرے دن کے پہلے میچ میں پاکستان ایگلز نے بھارتی ٹیم ایس جی پی سی ٹائیگرز کو 37-26 کے اسکور سے شکست دی۔
بھارتی سورما میزبان ٹیم کے سامنے مقابلہ نہ کر سکے اور پاکستانی کھلاڑیوں نے اپنی مہارت اور حکمت عملی سے شائقین کے دل جیت لیے۔
دوسرے میچ میں ایگلز نے ایرانی ٹیم لائینز آف تبریز کو 46-30 کے واضح فرق سے ہرا کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔
پاکستان کبڈی فیڈریشن کے سیکرٹری رانا سرور نے ایونٹ کے کامیاب انعقاد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس ایونٹ کے ذریعے ہم دنیا کو یہ پیغام دے رہے ہیں کہ پاکستان ایک پرامن اور کھیلوں سے محبت کرنے والا ملک ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ ٹورنامنٹ پاکستانی کبڈی کے روشن مستقبل کی عکاسی کرتا ہے۔
ایونٹ کے فائنل میں آج پاکستان ایگلز کا مقابلہ انڈین ٹائیگرز سے ہوگا جو شائقین کے لیے ایک سنسنی خیز معرکہ ثابت ہوگا۔