بھارتی مڈل آرڈر بیٹر شریاس ائیر نے آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی 2025 میں شاندار کارکردگی کی بدولت مارچ 2025 کے لیے آئی سی سی مینز پلیئر آف دی منتھ ایوارڈ جیت لیا۔
شریاس ائیر نے نیوزی لینڈ کے راچن رویندرا اور جیکب ڈفی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے یہ اعزاز حاصل کیا۔
30 سالہ ائیر نے ٹورنامنٹ میں 243 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہنے کا اعزاز حاصل کیا جس میں نیوزی لینڈ کے خلاف گروپ میچ میں 79 رنز کی میچ وننگ اننگز، آسٹریلیا کے خلاف سیمی فائنل میں 45 رنز، اور فائنل میں نیوزی لینڈ کے مقابلے میں 48 رنز کی اہم اننگز شامل ہیں۔
دوسری جانب نامزدگی میں شامل نیوزی لینڈ کے آل راؤنڈر راچن رویندرا نے بھی شاندار کارکردگی دکھائی۔
انہوں نے تین میچوں میں 50.33 کی اوسط اور 106.33 کے اسٹرائیک ریٹ سے 151 رنز بنائے اور 4.66 کی شاندار اکانومی سے تین وکٹیں حاصل کیں۔
نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر جیکب ڈفی بھی ایوارڈ کی دوڑ میں شامل تھے، انہوں نے پاکستان کے خلاف حالیہ ہوم سیریز میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا جہاں انہوں نے ٹی 20 سیریز میں 8.38 کی اوسط سے 13 وکٹیں اور ون ڈے سیریز میں دو وکٹیں حاصل کیں۔