لوئر جنوبی وزیرستان میں خارجیوں نے رات گئے پولیس اہلکاروں کے گھروں پر حملہ کردیا، فائرنگ کے تبادلے میں ایک بچی اور پولیس اہلکار زخمی ہوگئے، تین دہشت گرد مارے گئے، ملزمان ایک اہلکار کو اغواء کرکے لے گئے۔
جنوبی وزیرستان لوئر میں توئی خلہ میں دہشت گردوں نے رات کی تاریکی میں حملہ کردیا، حملے کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک بچی اور پولیس اہلکار زخمی ہوگئے، ملزمان ایک پولیس اہلکار کو اغواء کرکے لے گئے۔
ڈی ایس پی عمران اللہ کا کہنا ہے کہ حملے میں ملوث 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، رات گئے دہشتگردوں نے تین پولیس اہلکاروں کے گھروں پر حملے کئے، حملے میں دہشت گردوں نے ایک کانسٹیبل کو اغواء کرلیا۔
ڈی ایس پی کے مطابق ایک اہلکار اور ایک بچی زخمی بھی ہوئے، ایڈیشنل ایس ایچ او کے گھر پر حملے کے دوران دوتانی قبائل نے جوابی کارروائی کی۔
عمران اللہ نے بتایا کہ کارروائی میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوئے، مارے گئے دہشتگردوں کی لاشیں دوتانی قبائل نے اپنی تحویل میں لے لیں، تینوں واقعات کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔