موسم بہار کا پہلا پورا چاند جسے ’گلابی چاند‘ کے نام سے جانا جاتا ہے، اتوار 13 اپریل کو پاکستان میں نظر آئے گا۔ یہ دیکھنے والوں کے لیے ایک شاندار نظارہ ہوگا۔
گلابی چاند عملاً گلابی نہیں ہوتا، اس کو یہ نام موسم بہار میں کِھلنے والے ’فلوکس‘ نامی گلابی جنگلی پھولوں کی وجہ سے دیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق کراچی میں رات 9 بجکر 8 منٹ پر پورا ’گلابی چاند‘ طلوع ہو ہوگا، جو شب بھر دکھائی دے گا۔
گلابی چاند‘ دیکھنے کا بہترین وقت غروب آفتاب کے فوراً بعد ہوگا، جب یہ افق کے قریب بڑا اور روشن نظر آئے گا۔
یہ خاص پورا چاند روایتی اہمیت بھی رکھتا ہے، اسے ’پاسچل مون‘ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ اس کی ظاہری شکل سے ایسٹر کی تاریخ طے کرنے میں مدد ملتی ہے، جو اس سال 20 اپریل ہوگی۔
اس سال مجموعی طور پر 12 پورے چاند ہوں گے، جن میں 3 سپر مون اور 2 مکمل چاند گرہن شامل ہیں، ان میں سے ایک گرہن 7 سے 8 ستمبر کے درمیان کراچی میں نظر آئے گا۔