راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قید بانی پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) سے ملاقات کے لیے آئے پارٹی رہنماؤں کو ایک بار پھر اجازت نہ مل سکی۔
قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے اس معاملے پر جیل انتظامیہ کو خط لکھا تاہم جیل عملے نے ان کا خط وصول کرنے سے انکار کر دیا۔ عمر ایوب نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے لارجر بینچ نے ملاقاتوں سے متعلق واضح احکامات جاری کر رکھے ہیں، جن کی مسلسل خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔
عمر ایوب کے جیل انتظامیہ کو لکھے گئےخط میں کہا گیا ہے کہ آج بانی پی ٹی آئی کے رفقا کی ملاقات طے شدہ تھی اور ملاقاتیوں کی فہرست پہلے ہی جیل انتظامیہ کو بھجوائی جا چکی تھی۔ ملاقات نہ کرانا اور پارٹی رہنماؤں کو روکنا عدالتی احکامات کی کھلی خلاف ورزی ہے، جس پر جیل انتظامیہ اور اڈیالہ جیل چوکی عملے کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی جائے گی۔
اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے خط میں مؤقف اپنایا کہ جیل انتظامیہ نے انسداد دہشتگردی عدالت راولپنڈی کے احکامات کو بھی نظر انداز کیا ہے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے دن مقرر ہونے کے باوجود انکار آئین اور قانون کے منافی ہے اور یہ روش عدالتی احکامات کی صریح توہین کے مترادف ہے۔