جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ اسرائیل کی وحشیانہ بربریت کو روکنے کے لیے ہمیں متحد ہونا پڑے گا۔
اسلام آباد میں آج جماعت اسلامی کے زیر اہتمام غزہ ملین مارچ کا انعقاد کیا گیا جس میں فلسطین کے مظلوم مسلمانوں سے یکجہتی کا زبردست پیغام دیا گیا۔
مارچ سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ آج فلسطین کے مسلمانوں سے یکجہتی کا عظیم پیغام دیا گیا ہے، حکمران سوئے ہوئے ہیں مگر امت سوئی ہوئی نہیں ہے، ہم نے امریکی سفارتخانے کی طرف مارچ کا کہا تھا لیکن حکمران امریکا سے خوف کھاتے ہیں اور اسرائیل سے ڈرتے ہیں اسی لیے انہوں نے اسلام آباد بند کر دیا۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ہم کسی بندوق اور گولی سے ڈرنے والے نہیں ہیں، یہ حکمران طبقہ غلام ابن غلام ہے جو امریکا کے آگے جھکتے ہیں لیکن یہ ہمارا راستہ نہیں روک سکتے تھے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ہم پولیس والوں کے ساتھ تصادم نہیں چاہتے لیکن ہمیں اپنے موقف پر ڈٹ کر مقابلہ کرنا ہے۔
انہوں نے امریکا پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ امریکا قاتل اور دہشت گرد ہے جو اسرائیل کی پشت پناہی کرتا ہے، یہ مسلمانوں اور انسانوں کا قاتل ہے، غزہ میں بچوں کے جسم کٹ رہے ہیں، ان کے جسم فضاؤں میں بلند ہو رہے ہیں۔
حافظ نعیم نے عالم اسلام کے لیے پیغام دیتے ہوئے کہا کہ لوگ پاکستان کی طرف بڑی امید سے دیکھتے ہیں، امریکا نہ دشمنوں کا ہے نہ دوستوں کا، یہ دہشت گردی کو سپورٹ کرتا ہے، اس وحشیانہ بربریت کو روکنے کے لیے ہمیں متحد ہونا پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ سیاسی نعرے بازی نہیں بلکہ ہمارے ایمان کا معاملہ ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ پاکستانی قوم فلسطین کے مظلوموں کے ساتھ کھڑی ہے اور اس جدوجہد کو جاری رکھا جائے گا۔
حافظ نعیم الرحمان نے اس موقع پر امت مسلمہ سے اپیل کی کہ وہ فلسطین کے لیے آواز بلند کریں اور اسرائیل کے ظلم کے خلاف متحد ہو کر مقابلہ کریں۔