ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان سے متعلق اکنامک آؤٹ لک رپورٹ جاری کردی۔ پاکستان میں معاشی بہتری، مہنگائی اور شرح سود میں کمی کا اعتراف کیا گیا ہے، اگلے مالی سال میں پاکستان کی معاشی ترقی 3 فیصد تک پہنچنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
اے ڈی بی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رواں مالی سال میں آئی ایم ایف قرض پروگرام کی وجہ سے پاکستانی معیشت میں استحکام نظر آیا، پاکستان کی معاشی ترقی ڈھائی فیصد رہے گی۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان میں مہنگائی کی شرح کم ہوئی، رواں مالی سال کے اختتام تک مہنگائی 6 فیصد تک جبکہ اگلے مالی سال میں پاکستان میں 5.8 فیصد تک رہنے کا امکان ہے۔
ایشین ڈیولپمنٹ بینک کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رواں مالی سال میں پاکستان میں سمندرپار پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں اضافہ ہوا، پاکستان نے ٹیکس اور توانائی اصلاحات میں بہتر کارکردگی دکھائی، عالمی سطح پر آئل اور غذائی اشیاء کی قیمتوں میں استحکام سے مہنگائی کنٹرول کرنے میں مدد ملی۔
رپورٹ کے مطابق پاکستانی خواتین خطے کے دیگر ممالک کی نسبت لیبر فورس میں پیچھے ہیں، ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ سے خواتین میں اسکلز کو بڑھایا جاسکتا ہے، ہنر بڑھنے سے خواتین کو مارکیٹ ڈیمانڈ کے مطابق نوکریاں فراہم کی جا سکتی ہیں۔



















