پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تعلقات میں ایک اہم پیش رفت متوقع ہے، ذرائع کے مطابق پاک بنگلہ دیش دو طرفہ سیاسی مشاورتی اجلاس بلانے کی تجویز دی ہے جو ممکنہ طور پر 17 اپریل کو ڈھاکہ میں منعقد ہوگا۔
یہ اجلاس 13 سال کے بعد پہلا دو طرفہ سیاسی مشاورتی اجلاس ہوگا اس سے قبل اجلاس 2012 میں ہوا تھا ، جس میں پاکستان کی نمائندگی سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ کریں گی۔ اجلاس میں دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی، معاشی اور تعلیمی تعاون بڑھانے پر بات چیت کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق مشاورتی اجلاس کے بعد نائب وزیراعظم اسحاق ڈار 22 سے 24 اپریل تک بنگلہ دیش کا دورہ کریں گے، جو دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔
سیاسی مشاورتی اجلاس کے ایجنڈے میں پاک-بنگلہ دیش مشترکہ وزارتی کمیشن کی بحالی پر بھی گفتگو شامل ہے۔ یاد رہے کہ کمیشن کا آخری اجلاس 2005 میں منعقد ہوا تھا۔