وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے بھر میں نئے سہولت بازار قائم کرنے کی منظوری دے دی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ نے 13 نئے سہولت بازاروں کے زیر تکمیل پراجیکٹ جلد مکمل کرنے کا حکم جاری کر دیاہے اور اگست کی ڈیڈ لائن مقرر کر دی ہے ۔ وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر نو شہرورکاں،بورے والا،کبیر والا،سانگلہ اور جلال پور میں سہولت بازار بنیں گے۔
بہاولپور،اٹک اور مری میں اضافی سہولت بازار قائم کرنے کا اصولی فیصلہ بھی کر لیا گیاہے اور اس حوالے سے وزیراعلیٰ نے ضلعی انتظامیہ کو سہولت بازاروں کیلئے اراضی مختص کرنے کی ہدایت بھی کر دی ہے ۔
مریم نواز نے سہولت بازار کے قیام کا جامع پلان طلب کرتے ہوئے سہولت بازاروں کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کی منظوری بھی دے دی۔ سولر انرجی پر منتقل کرنے سے سہولت بازاروں میں بجلی کی لاگت میں 70فیصد تک کمی آئے گی۔
مریم نوازشریف نے کہا کہ سہولت بازار قائم کرنے کا مقصد کمزور اور متوسط طبقے کو اشیائے خورد نوش کم نرخ پر فراہم کرنا ہے ، قائد محمد نوازشریف کے وژن کے تحت مہنگائی کا خاتمہ کیا جا رہا ہے۔
وزیراعلیٰ نے سہولت بازاروں کی شمسی توانائی پر منتقلی کے لئے 69 کروڑ سے زائد فنڈز کی بھی منظوری دے دی، بجلی کی لاگت میں کمی کا فائدہ نرخ میں کمی کر کے عوام تک پہنچایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر ٹاؤن شپ میں سولرانرجی پر منتقلی کا پائلٹ پراجیکٹ کامیابی سے ہمکنار ہو گیاہے ۔
جہلم،مظفر گڑھ اور نارووال میں سہولت بازار کے قیام میں درپیش رکاوٹیں دور کرنے کی ہدایت بھی کر دی گئی ہے ۔جبکہ رحیم یار خان،بہاولنگر،اٹک اورمری میں سہولت بازار کے لئے اراضی کی نشاندہی کاعمل جلدمکمل کرنے کا حکم جاری کر دیا گیا ۔