ڈائریکٹر جنرل پبلک لائبریریز پنجاب کاشف منظور نے کہ ان کی تعیناتی کے 18 ماہ کے دوران 7کروڑ 10 لاکھ روپے کی کتابیں پنجاب کی سرکاری لایبریریوں کو فراہم کی جا چکی ہیں ، اور اتنی خطیر رقم سے کتب کی خریداری 27 سال بعد ہوئی ہے۔
ایک بیان میں کاشف منظور نے بتایا کہ انہوں نے ذاتی طور پر بھی ہزاروں روپے کی کتابیں خرید کر قائد اعظم پبلک لائبریری میں رکھی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ امریکہ کے تعاون سے قائد اعظم پبلک لائبریری میں لنکن کارنر سمارٹ لائبریری قائم کی گئی ہے جسے منی امریکن سنٹر بھی کہ سکتے ہیں۔ اس کے قیام کے لئے امریکہ کی گورنمنٹ نے 5 کروڑ روپے فراہم کئے۔ اس میں امریکن لٹریچر اورامریکن میگزین سٹڈی کی سہولت موجود ہے۔ یہ پنجاب میں چھٹی اور لاہور میں دوسری لنکن سمارٹ لائبریری ہے۔ اس سے پہلے ارفع کریم ٹاور لاہور میں پہلی لنکن سمارٹ لائبریری قائم کی گئی ۔
کاشف منظور نے کہا کہ حکومت کی توجہ ای۔لائبریریز کو پروموٹ کرنے پر ہے اور قائد اعظم پبلک لائبریری کو بھی ای۔لائبریری پر شفٹ کیا جارہا ہے۔ کاشف منظورنے کہا کہ انہوں نے حکومت کو تجویز دی ہے کہ طلبا کو لیپ ٹاپ کی بجائے ٹیبلٹس دیے جائیں اور ان میں حکومت کی منظور شدہ دس بیس ہزار ایسی کتابیں پہلے سے موجود ہوں جو طلباء کی تعلیم میں معاون ثابت ہوں۔