عام طور پر سمندر میں فون، کیمرا یا اس جیسی کوئی چیز گر جائے تو اس کا دوبارہ ملنا تقریباً ناممکن سمجھا جاتا ہے لیکن حیرت انگیز طور پر 8 ماہ قبل سمندر میں گم ہونے والا ایک کیمرا اپنے مالک تک واپس پہنچ گیا۔
یہ واقعہ کینیڈا کے علاقے وکٹوریہ کے ساحلی مقام پر ایک غوطہ خور کین کیلے کے ساتھ پیش آیا۔
کین کیلے نے بتایا کہ وہ اپنی اہلیہ کے ہمراہ سمندر میں غوطہ خوری کر رہے تھے جب انہیں پانی کی سطح سے 30 فٹ نیچے ایک کیمرا ملا۔
انہوں نے دیکھا کہ کیمرے میں کچھ پانی داخل ہو گیا تھا لیکن اس کا ایس ڈی کارڈ اب بھی کام کر رہا تھا اور اس میں کئی ویڈیوز موجود تھیں جن میں سے ایک ویڈیو کیمرے کے سمندر میں گرنے کی بھی تھی۔
کین کیلے نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ کیمرا سمندر میں گرتے ہی سیدھا نیچے چلا گیا اور پھر ایک کیکڑا اس کی طرف بڑھتا دکھائی دیا۔
انہوں نے کیمرے کی تصاویر اور ویڈیوز کو سوشل میڈیا پر پوسٹ کیا تاکہ اس کے مالک کو تلاش کیا جا سکے۔
ان کی پوسٹ وائرل ہوگئی اور بالآخر کیمرے کے مالک شے لالور (Shay Lalor) کی ماں تک پہنچ گئی۔
شے لالور کے مطابق ان کی ماں نے کیمرے میں موجود ویڈیوز میں ان کی آواز کو پہچان لیا اور اس کے بعد کین کیلے اور شے لالور کے درمیان رابطہ ہوا اور یوں کیمرا 8 ماہ تک سمندر میں رہنے کے بعد اپنے مالک کے پاس واپس پہنچ گیا۔
شے لالور نے کہا کہ میں نے سوچا تھا کہ شاید کیمرا کسی کو مل جائے لیکن یہ کبھی نہیں سوچا تھا کہ یہ مجھے واپس ملے گا، یہ ایک حیران کن لمحہ ہے۔