فیصل آباد میں دوران ڈکیتی شوہر کے سامنے خاتون سے مبینہ اجتماعی زیادتی کرنیوالے مرکزی ملزم کو پولیس نے متاثرہ فیملی کی نشاندہی پر گرفتار کرلیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے کارکردگی پر پولیس کی تعریف کردی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فیصل آباد کے علاقے ساندل بار میں دوران ڈکیتی خاتون سے مبینہ اجتماعی زیادتی کرنیوالے مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا گیا، ملزم علی شیر کو متاثرہ فیملی نے خود سے شناخت کے بعد نامزد کیا تھا، ملزم متاثرہ فیملی کے گاؤں کا ہی رہائشی ہے، دیگر ساتھیوں کی تلاش جاری ہے۔
پولیس کے مطابق گزشتہ روز تین ملزمان کیخلاف دوران ڈکیتی خاتون سے اجتماعی زیادتی کا مقدمہ درج ہوا تھا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے فیصل آباد میں اجتماعی زیادتی کے ملزم کی چند گھنٹوں میں گرفتاری پر پولیس کو شاباش دی، انہوں نے اللہ تعالی کا شکر ادا کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ملزم علی شیر کے 2 ساتھیوں کی جلد گرفتاری یقینی بنانے اور دلخراش واقعے کے ذمہ دار ملزمان کو سخت سزا یقینی بنانے کی ہدایت بھی کردی۔
مریم نواز نے کہا کہ خواتین کے خلاف زیادتی کے واقعات قطعاً قابل قبول نہیں، خواتین اور بچوں کے تحفظ کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کریں گے، زیادتی کے واقعات شرمناک ہیں، سدباب کیلئے مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔